صوبائی وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ کی نامور دانشور اسلم گورداسپوری کی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت۔
کراچی: صوبائی وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے نامور ادیب، دانشور اسلم گوردسپوری کی کتاب ”سول سوسائٹی اور دانشوروں کا کردار“ کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر سید جعفر احمد نے کی۔ ڈاکٹر ریاض شیخ، ڈاکٹر جبار خٹک، مہناز رحمان، فرخ سہیل گوئندی، علی سجاد، مجاہد بریلوی، ڈاکٹر ناظر محمود سمیت نامور شخصیات بھی تقریب میں موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اتنے بڑی شخصیتوں کے درمیان مجھے مہمان خصوصی کے طور پر بلایا گیا ہے جس کا میں خود کو اہل نہیں سمجھتا۔ سید ناصر حسین شاہ نے مذید کہا کہ میں خصوصی طور پر چائنہ سے اسلم گورداسپوری کی کتاب کی رونمائی میں شرکت کے لئے آیا ہوں۔ ہماری پوری فیملی میں سب سے خوبصورت شخصیت اسلم گورداسپوری کی ہے۔ بچپن سے آج تک ان کو دیکھا بہت بڑے انسان ہیں اور سیاسی طور پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ رہےشہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ رہے۔ خود ممبر پارلیمنٹ بھی رہے۔ وزیر توانائی کا مذید کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اسلم گورداسپوری کو دیکھا کبھی سختیوں میں کبھی مشکلوں میں اور زیادہ تر جیلوں میں اور پنجاب کی شاید کوئی ایسی جیل ہوگی جہاں ہم ان سے ملنے نہیں گئے ہوں۔ جیل میں نہیں بھی ہوتے تھے تو صوبہ بدر ضرور ہوتے تھے۔ اسلم گورداسپوری کی کتابیں بہترین کتابیں ہیں۔ اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے اسلم گوداسپوری کا شعر پڑھ کر سنایا۔
زندگی اتنی غنیمت تو نہیں جس کے لیے
عہدِ کم ظرف کی ہر بات گوارا کرلیں
اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے تقریب میں موجود مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر سیدناصرحسین شاہ کو اسلم گورداسپوری نے کتاب کا تحفہ پیش کیا۔

















