Nasir Hussain Shah

کراچی: وزارت توانائی سندھ کے دفتر میں ڈسٹرکٹ ملیر کے ان متاثرین میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جن کی زمین پر مستقبل کا 150 میگاواٹ کا سولر پارک تعمیر کیا جائے گا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے متاثرہ خاندانوں میں چیکس تقسیم کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے متاثرین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر پارک کی زمین پر رہائش پذیر افراد کو بے سہارا نہیں چھوڑا گیا بلکہ انہیں بروقت اور مناسب معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔وزیر توانائی نے بتایا کہ ملیر میں 150 میگاواٹ کے جدید سولر پارک کا قیام زیرِ عمل ہے، جو کراچی کے عوام کو صاف، ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کے مطابق کسی بھی ترقیاتی منصوبے سے قبل زمین سے متاثرہ افراد کو مکمل ادائیگی کو یقینی بنانا لازم ہے ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح توانائی کے شعبے میں پائیدار حل فراہم کرنا ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر معیارِ زندگی میسر آ سکے۔تقریب میں سیکریٹری توانائی مشتاق سومرو، ایڈیشنل سیکریٹری زین العابدین انصاری، پروجیکٹ ڈائریکٹر محفوظ قاضی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔۔