Nasir Hussain Shah

سندھ میں سرکاری عمارتوں کو سولرائز کیا جائے گا، فوجی فاؤنڈیشن سولر انرجی لمیٹڈ اور محکمہ توانائی سندھ میں اہم مشاورت۔

کراچی: صوبائی وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ سے فوجی فاؤنڈیشن کے ذیلی ادارے فاؤنڈیشن سولر انرجی لمیٹڈ کے اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں سندھ میں ماحول دوست توانائی کے فروغ اور سولرائزیشن کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ریٹائرڈ میجر جنرل امجد احمد بٹ، بریگیڈیئر عمران سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جبکہ محکمہ توانائی سندھ کے سیکریٹری مشتاق احمد سومرو، ڈائریکٹر سولر محفوظ قاضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ فریقین کے درمیان سندھ میں سولر پارکس، مائیکرو اور منی سولر گرڈز کے قیام اور سرکاری عمارتوں کو سولر پر منتقل کرنے سے متعلق حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گرین انرجی کے فروغ اور اس کے کلائمیٹ چینج پر مثبت اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت سندھ گرین انرجی کو بھرپور فروغ دے رہی ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت ہے کہ ماحول دوست توانائی کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔ اسی سلسلے میں سندھ حکومت نے بجٹ میں گرین انرجی کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر باہمی خیرسگالی کے اظہار کے طور پر میجر جنرل (ر) امجد احمد بٹ نے صوبائی وزیر توانائی کو یادگاری ٹوپی اور شیلڈ کا تحفہ پیش کیا، جس کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ نے وفد کو روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ دیا۔ یہ ملاقات سندھ میں قابل تجدید توانائی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش ہے۔